سڈنی،5 جنوری (یو این آئی )ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 384 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنا لیے ہیں۔ آسٹریلیا کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 218 رنز درکار ہیں۔
انگلینڈ نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 211 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ اسٹار بیٹر جو روٹ نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے شاندار بلے بازی کی اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 41ویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 242 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 160 رنز کی اننگز کھیلی۔ہیری بروک 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جیمی اسمتھ 46 رنز کی مفید اننگز کھیلی اور بین اسٹوکس بدقسمتی سے صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر سب سے کامیاب بالر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ کے 384 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور جیک ویدرلڈ نے 57 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلے جیک ویدرلڈ (21) اور پھر مارنس لیبوشین (48) کو پویلین کی راہ دکھائی۔دوسرے دن کے اختتام پر ٹریوس ہیڈ 91 رنز پر ناٹ آؤٹ اورمائیکل نیسر 1 رن بنا کر کرموجود تھے۔