ہرارے، 23 جولائی (یو این آئی) میانک یادو اور پرنس یادو کی شاندار گیندبازی کے بعد نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی کی طوفانی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی-20 میچ میں جمعرات کو زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے ساتھ ہی کپتان شریس ایر کو اپنی قیادت میں پہلی ٹی-20 فتح بھی نصیب ہوئی۔ زمبابوے کو سات وکٹوں پر 125 رنز تک محدود رکھنے کے بعد ہندوستان نے 13.2 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔ شریس ایر کو بطور کپتان مسلسل چھ ٹی-20 شکستوں کے بعد پہلی کامیابی ملی۔
ویبھو سوریاونشی نے صرف 19 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر زمبابوے کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ ایشان کشن نے 35، شریس ایر نے ناٹ آؤٹ 28 اور تلک ورما نے ناٹ آؤٹ چھ رنز بنائے۔اس سے قبل میانک یادو نے میچ کی پہلی ہی گیند پر ہندوستان کو کامیابی دلائی اور اپنے دو وکٹوں کی بدولت پاور پلے میں ہی زمبابوے کی تین وکٹیں گر گئیں۔ بعد میں ریان برل (26) اور ویسلے مدھیویرے (39) نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، جبکہ تڈیواناشے مارومانی ناٹ آؤٹ 27 رنز بنا کر واپس لوٹے، تاہم زمبابوے کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں پر 125 رنز ہی بنا سکی۔ہندوستان کی جانب سے میانک یادو نے 18 رنز دے کر دو اور پرنس یادو نے 19 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شیوَم دوبے اور روی بشنوئی نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔