حیدرآباد، 5 مئی (یو این آئی) سن رائزرز حیدرآباد کے گیند بازوں نے پیٹ کمنز (تین وکٹ) کی قیادت میں شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیر کو انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے 55ویں میچ میں دہلی کیپٹلز کو 133 رنز کے اسکور تک محدود کردیا۔آج سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر دہلی کیپٹلز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ حیدرآباد سن رائزرز کے گیند بازوں نے دہلی کیپٹلز پر تباہی مچادی جو بلے بازی کے لیے آئے۔ پیٹ کمنز نے چار اوور اور ایک گیند میں دہلی کے تین ٹاپ بلے بازوں کارون نائر (صفر)، فاف ڈو پلیسس (تین) اور ابھیشیک پورل (آٹھ) کے وکٹ لیے۔ اس کے بعد ہرشل پٹیل نے کپتان اکشر پٹیل (چھ) کو آؤٹ کرکے دہلی کو چوتھا وکٹ دلایا۔ سن رائزرز حیدرآباد نے جے دیو انادکٹ کے آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر کے ایل راہل (10) کو آؤٹ کرکے اپنی پانچویں کامیابی حاصل کی۔ بحران کے ایسے وقت میں ٹرسٹن اسٹبس اور وپراج نگم نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 63 رنز جوڑے۔ یہ شراکت تب ٹوٹی جب 13ویں اوور میں وپراج نگم (18) رن پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد آشوتوش شرما نےا سٹبس کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑ کر دہلی کو مشکلات سے نجات دلائی۔ آشوتوش شرما (41) نے 26 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے رن بنائے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 41 ناٹ آؤٹ (36 گیندوں) اسکور کیا۔ سن رائزرز حیدرآباد کی شاندار گیندبازی کے سامنے دہلی کیپٹلز مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر صرف 133 رنز بنا سکی۔سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایشان ملنگا، ہرشل پٹیل اور جے دیو انادکٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔