نئی دہلی، 13 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان کی ٹینس ٹیم نے جمعہ کو بیل کے سوئس ٹینس ایرینا میں نویں سیڈ سوئزرلینڈ کے خلاف ڈیوِس کپ 2025 ورلڈ گروپ۔I کے مقابلے میں، دکشنیشور سریش اور سُمت ناگل کے اپنے اپنے سنگلز میچ جیتنے کے بعد شاندار شروعات کی۔ دکشنیشور سریش نے ابتدائی سنگلز میں جیروم کِم کو 7(7)-6(4)، 6-3 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا، جبکہ دو بار کے اولمپین سُمت ناگل نے دوسرے میچ میں مارک-اینڈریا ہیوسلر کو 6-3، 7(7)-6(4) سے ہرایا۔
پہلے میچ میں دنیا کے 155ویں نمبر کے جیروم کِم کے خلاف کھیلتے ہوئے، اے ٹی پی رینکنگ میں 626ویں نمبر پر موجود دکشنیشور سریش نے چوتھے گیم میں تین بریک پوائنٹ بچائے اور اپنی سروس نہیں گنوائی، جس سے انہیں پہلا سیٹ ٹائی بریک میں جیتنے میں مدد ملی۔
ہندوستانی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ کے پانچویں اور ساتویں گیم میں بھی دو دو بریک پوائنٹ بچائے، لیکن آٹھویں گیم میں جیروم کِم اپنی سروس کھو بیٹھے، جس کے بعد سریش نے سیدھے سیٹوں میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
دوسرے میچ میں سُمت ناگل نے پہلے ہی گیم میں مارک-اینڈریا ہیوسلر کی سروس توڑ لی اور پانچویں اور ساتویں گیم میں بریک پوائنٹ بچائے۔ اس کے بعد نویں گیم میں ہیوسلر کی سروس دوبارہ توڑ کر پہلا سیٹ جیت لیا۔دوسرا سیٹ مکمل طور پر سروس پر رہا جس کے بعد ٹائی بریک ہوا، جسے ناگل نے 7-4 سے اپنے نام کر لیا۔پہلے دن کی دو فتوحات کے بعد، ڈیوِس کپ ٹیم رینکنگ میں 37ویں مقام پر موجود ہندوستان کو دنیا کی 24ویں رینک والی سوئزرلینڈ کے خلاف ورلڈ گروپ۔I میچ جیتنے کے لئے اب صرف ایک اور جیت کی ضرورت ہے۔دوسرے دن کا ڈبلز مقابلہ این شری رام بالا جی اور رتوک بولا پَلّی کا جیکب پال اور ہینری برنیٹ کے ساتھ ہوگا۔ریورس سنگلز میں سُمت ناگل کا مقابلہ جیروم کِم سے اور دکشنیشور سریش کا مقابلہ مارک-اینڈریا ہیوسلر سے ہوگا۔ہندوستان بمقابلہ سوئزرلینڈ میچ کا فاتح 2026 کوالیفائر کے پہلے راؤنڈ میں پہنچے گا، جبکہ ہارنے والی ٹیم 2026 ورلڈ گروپ۔I پلے آف میں ریلیگیٹ ہو جائے گی۔2019 میں ڈیوِس کپ کے فارمیٹ میں تبدیلی کے بعد سے، ہندوستان اپنے ورلڈ گروپ۔I میچ جیت کر کوالیفائر میں داخل نہیں ہو سکا ہے۔ ہندوستانی ٹیم تین بار 1966، 1974 اور 1987 میں رنر اپ رہ چکی ہے۔