جوہر، (ملیشیا) 17 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلطان آف جوہر کپ 2025 کے اپنے آخری پول مرحلے کے میچ میں ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ ہندوستان کی جانب سے گرجوت سنگھ (22ویں منٹ) نے گول کیا، جبکہ سوربھ آنند کشواہا (48ویں منٹ) نے فاتح گول کیا۔ ملائیشیا کی جانب سے نوینیش پنیکر (43 ویں) نے گول کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف جارحانہ آغاز کیا۔ ہندوستانی فارورڈز نے تیز اور مسلسل حملے کیے، جس سے میزبان ٹیم دباؤ میں آگئی۔ ہندوستان نے پوری طرح مضبوط دفاع برقرار رکھا۔ تاہم، کوئی بھی ٹیم پہلے کوارٹر کے اختتام تک گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ملیشیا نے دوسرے کوارٹر کے اوائل میں پہلا حملہ کیا لیکن ہندوستان نے اس کے فوراً بعد کئی حملے کیئے۔ اور دباؤ بالآخر اس وقت کاماب ہوا جب گرجوت سنگھ (22 ویں منٹ) نے پنالٹی کارنر سے ریباؤنڈ پر گول کیا۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان نے 1-0 کی برتری حاصل کی۔ وقفے کے بعد ہندوستان نے اچھی رفتار سے آغاز کیا لیکن میزبان ملیشیا نے واپسی کی کوشش کی۔ ہندوستان نے زیادہ تر کھیل پر کنٹرول کیا، لیکن ملائیشیا کی کوششوں نے کھیل کا رخ موڑ دیا اور اسکور کو 1-1 تک پہنچا دیا۔ آخری کوارٹر میں سوربھ آنند کشواہا کے گول نے ہندوستان کو ایک بار پھر برتری دلا دی، انہوں نے اسے 2-1 سےآگے کردیا۔ اس کے بعد ملائیشیا نے برابری کی کوشش کی لیکن ہندوستان نے ان کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے میچ 2-1 سے جیت لیا۔ ہفتہ کو فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔









