ایپو، 27 نومبر (یو این آئی ) سلطان اذلان شاہ کپ 2025 میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے میزبان ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے میں 4-3 سے شکست دی۔ ہندوستان کی جانب سے سیلوَم کارتھی، سکھجیت سنگھ، امیت روہیداس اور کپتان سنجے نے گول کیے، جبکہ ملئیشیا کے لیے فیضل سری، فطری سری اور مرہان جلیل نے اسکور کیا۔اس جیت کے بعد ہندوستان تین میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ ہندوستان اپنا اگلا میچ جمعرات کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں کوریا کو شکست دی تھی لیکن دوسرے مقابلے میں بیلجیم کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سلطان اذلان شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستان نے جارحانہ آغاز کیا اور پہلے ہی منٹوں میں ملیشیا کو دفاع پر مجبور کر دیا۔ دباؤ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان نے مسلسل حملے جاری رکھے اور ایک خوبصورت موو پر سکھجیت سنگھ کی مدد سے سیلوَم کارتھی نے پہلا گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی۔ملائیشیا نے پہلے کوارٹر کے اختتام سے ذرا پہلے ایک پینلٹی کارنر پر فیضل سری کے ذریعے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے دوبارہ رفتار پکڑی اور سکھجیت سنگھ کے فِنش نے اسکور 1-2 کر دیا۔ہاف ٹائم کے بعد ہندوستان کو برتری کے مواقع ملے مگر فائدہ نہ اٹھا سکا۔ 34ویں منٹ میں ایک کھلاڑی کی کمی کے باعث دباؤ میں آئی ہندوستانی ٹیم کے خلاف فطری سری نے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ لیکن چند ہی لمحوں بعد امیت روہیداس نے پینلٹی کارنر پر شاندار گول کرکے ہندوستان کو ایک بار پھر برتری دلائی۔تیسرے کوارٹر کے اختتام پر ملئیشیا کے کپتان مرہان جلیل نے اسکور 3-3 کر دیا، جس کے بعد آخری کوارٹر فیصلہ کن ثابت ہوا۔ ہندوستان نے مضبوط دفاع کے ساتھ کھیل کو قابو میں رکھا، جبکہ گول کیپر پون کے ایک اہم بچاؤ نے مقابلے کو برابر رہنے سے بچایا۔53ویں منٹ میں کپتان سنجے نے پینالٹی اسٹروک کو گول میں بدل کر اسکور 3-4 کردیا، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔ آخری لمحات میں ملائیشیا کے پینلٹی کارنرز کوہندوستان نے روکا اور میچ اپنے نام کیا۔









