اسلام آباد18ستمبر: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے کوہاٹ میں ایک مسجد میں ہونے والے زور دار دھماکے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکا صوبے کے ضلع کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائن کے قریب ہوا۔ مہلوکین میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، دھماکے کے باعث مسجدکے باہر گڑھا پڑ گیا، دھماکے سے مسجدکا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا اور دیواربھی گرگئی۔ اس حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے میڈیا کو بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ ٹکرائی، گاڑی ٹکرانےکے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی ہوئی، فائرنگ کے دوران اسپیشل برانچ کی عمارت پر ایک اورخودکش دھماکاہوا۔سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق کوہاٹ میں ایک دہشتگرد مقابلے میں مارا گیا ، دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شہید ہوئے۔









