نئی دہلی 24اگست: کانگریس رہنما ششی تھرور نے سری لنکا کے سابق صدر رانل وکرما سنگھے کی گرفتاری پر فکرمندی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے سری لنکائی حکومت سے بدلے کی سیاست چھوڑنے اور سابق صدر کے ساتھ احترام کا سلوک کرنے کی گزارش کی ہے۔ تھرور نے کہا کہ رانل پر لگے الزام معمولی ہیں اور انہوں نے برسوں تک ملک کی خدمت کی ہے، ایسے میں وہ عزت پانے کے حقدار ہیں۔ سوشل میڈیا سائٹ پر اشتراک کیے گئے اپنے ایک پوسٹ میں کانگریس رہنما نے لکھا- ’’سری لنکا کے سابق صدر رانل وکرما سنگھے کو معمولی الزامات میں حراست میں لیے جانے سے میں فکرمند ہوں۔ ان کی صحت سے متعلق پریشانیوں کی وجہ سے انہیں پہلے ہی جیل اسپتال لے جایا جا چکا ہے۔ اس بات کا پورا احترام کرتے ہوئے کہ یہ ان کا داخلی معاملہ ہے، میں سری لنکا کی حکومت سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ بدلے کی سیاست چھوڑیں اور اپنے سابق صدر کے ساتھ اس عزت اور وقار کے ساتھ پیش آئیں۔‘‘ اس سے پہلے سری لنکائی صحافی ایس وینکٹ نارائن نے بھی سابق سری لنکائی صدر کی گرفتاری کی تنقید کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے یہ مشورہ بھی دیا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ہندوستان 76 سالہ رانل کو طبی امداد بھی فراہم کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ رانل وکرما سنگھے نے حراست میں لیے جانے سے پہلے کہا تھا- ’’میں نے کبھی اپنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔
میں نے صرف سری لنکا کے لیے کام کیا ہے اور آپ جانتے ہیں کہ مجھے گرفتار کرنا دکھاتا ہے کہ صدر انورا اس وقت کس طرح کی انتظامیہ کی قیادت کر رہے ہیں۔‘‘