راجگیر (بہار)، یکم ستمبر (یواین آئی) جنوبی کوریا نے پیر کو بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ وہیں ملائیشیا نے چائنیز تائپے کو یکطرفہ مقابلے میں 15-0 سے ہرایا۔آج بہار اسپورٹس یونیورسٹی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل کے گروپ بی میچ میں جنوبی کوریا نے بنگلہ دیش کو 5-1 کے بڑے فرق سے ہرا کر سپر فور میں اپنی جگہ یقینی کر لی۔میچ کے آغاز سے ہی جنوبی کوریا کی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ڈین سن نے شاندار فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے صرف دو منٹ بعد ہی کوریا نے پنالٹی کارنر پر گول داغ کر برتری کو دوگنا کر دیا۔اس کے بعد دوسرے کوارٹر میں بھی جنوبی کوریا کا دباؤ برقرار رہا۔ 16ویں منٹ میں سنگبو لی نے فیلڈ گول کر کے اسکور 3-0 کر دیا۔ پھر 22ویں منٹ میں سیونگ اوہ نے چوتھا گول کر کے اسکور 4-0 تک پہنچا دیا۔ اسی دوران 22ویں منٹ میں ہی شوہانور شو بُج نے پنالٹی کارنر پر بنگلہ دیش کے لیے گول کیا۔میچ کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا کو ملے پنالٹی اسٹرروک پر تجربہ کار کھلاڑی جی ہون یانگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت کو 5-1 کے اسکور کے ساتھ یقینی بنا دیا۔دوسرے میچ میں ملائیشیا نے چائنیز تائپے کو یکطرفہ انداز میں 15-0 سے شکست دی۔









