کیپ ٹاؤن 16 اکتوبر(یو این آئی ) جنوبی افریقہ کی ٹیم نے کوالیفائنگ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روانڈا کو با آسانی 0-3 گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ میچ ایمبومبیلا اسٹیڈیم، صوبہ مپومالانگا میں کھیلا گیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے تھیلنٹ مباتھا،اوسون اپولس اور ایویڈینس مکگوپا نے گول ایک،ایک گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جن کی بدولت ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ جنوبی افریقا نے آخری بار 2010 میں فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی، جب وہ میگا ایونٹ کا میزبان ملک تھا۔بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے کوچ ہوگو بروس کی زیرِ نگرانی ٹیم نے گروپ سی میں 10 میں سے 18 پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، اور نائیجیریا جیسے مضبوط حریفوں اور حیران کن ٹیم بینن کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ جنوبی افریقا کی چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت ہو گی۔ اس سے قبل وہ 1998، 2002 اور 2010 میں بھی ورلڈ کپ کھیل چکا ہے۔جنوبی افریقاکے وزیر برائے کھیل، فنون اور ثقافت گےٹن مکینزی نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پوری قوم کے لیے خوشی کا باعث بنی ہے۔ کھلاڑیوں نے دلیری، نظم و ضبط اور جذبے سے کھیل پیش کیا، اور ثابت کر دیا کہ جب جنوبی افریقی قوم متحد ہو جائے تو کچھ بھی ممکن ہے۔انہوں نے کوچ ہوگو بروس، ان کے عملے اور ساؤتھ افریقن فٹبال ایسوسی ایشن (ایس اے ایف اے ) کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے قوم کی سب سے بڑی امید کو پورا کر دکھایا ہے۔