لاہور 14 اکتوبر(یو این آئی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان لاہور میں کھیل جارہا پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے؛ جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 226 رنز جبکہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکارہیں، پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پاکستان کے 277 رنز کے ہدف کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنالیے ہیں۔کپتان ایڈن مارکرام تین اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ تاہم پہلی اننگز کے ٹاپ اسکوررز ٹونی ڈی زورزی (16) اور رائن ریکلٹن (29) نے 32 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔ جنوبی افریقا کے خلاف کھیل کے تیسرے دن پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز ہی بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 93 رنز بنالے والے اوپننگ بیٹر امام الحق اس مرتبہ جلدی آؤٹ ہوئے، وہ سیموون ہارمر کی گیند پر باہر نکل کر روکنا چاہ رہے تھے مگر کامیاب نہ ہوسکے اور اسٹمپس ہوگئے جب کہ پہلی اننگز میں 76 رنز بنانے والے کپتان شان مسعود صرف 7 رنز کا اضافہ کرسکے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے مجموعے پر گری اور عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ 119 کے مجموعے پر بابراعظم 42 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
کریز پر موجود سعود شکیل بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور 150 کے مجموعے پر 38 رنز پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔ محمد رضوان بھی 14 رنز پر بولڈ ہوگئے، رضوان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی کچھ نہ کرسکے اور 151 کے مجموعے پر صفر پر چلتے بنے۔ بعد ازاں آغا سلمان 4، نعمان علی 11، ساجد خان ایک رن بناسکے اورپاکستان کی پوری ٹیم 167 کے مجموعے پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف لاہور ٹیسٹ جیتنے کے لیے 277 کا ہدف ملا ہے۔