نِشین (جاپان)، 20 ستمبر (یواین آئی) ہندوستانی اوپنر اسمرتی مندھانا نے ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلے میں بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل کے دوران خواتین کے بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی سابق بلے باز سوزی بیٹس کے 4758 ٹی-20 رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مندھانا نے ہندوستانی اننگز کے تیسرے اوور میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ نیوزی لینڈ کی کھلاڑی نے رواں سال کے آغاز میں ٹی-20 ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔30 سالہ بائیں ہاتھ کی بلے باز کو بیٹس کے ریکارڈ کی برابری کے لیے سات رنز درکار تھے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی تیز گیندباز معروفہ اختر کی گیندوں پر مسلسل باؤنڈری لگاکر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگانے کے بعد مندھانا ریکارڈ کے قریب پہنچیں اور پھر شارٹ گیند پر ‘بِہائنڈ اسکوائر’ شاٹ کھیل کر چوکا لگایا، جس کے ساتھ ہی وہ خواتین کے ٹی-20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بن گئیں۔
ہندوستانی اوپنر نے اگلی گیند پر ایک اور باؤنڈری لگاکر اس کامیابی کا جشن منایا اور 19 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے تیز 37 رنز بنائے۔اسمرتی مندھانا کے نام اب کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں 178 میچوں میں 4788 رنز ہیں، جبکہ سوزی بیٹس نے 186 میچوں میں 4758 رنز بنائے تھے۔ ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور اور سری لنکا کی تجربہ کار کھلاڑی چامری اَتھاپتھو کے علاوہ صرف یہی دو کھلاڑی ہیں جنہوں نے اس فارمیٹ میں 4000 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔مندھانا نے حال ہی میں تمام فارمیٹس میں خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں ہندوستان کی سابق کپتان متھالی راج کو پیچھے چھوڑا تھا۔ وہ خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والی کھلاڑی بھی بن چکی ہیں۔









