نئی دہلی 29ستمبر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےاعلان کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے اگلے سال 31 مارچ تک نکسل واد کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مقصد کو ہر قیمت پر حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے سی پی آئی (ماؤسٹ) کے حالیہ بیان کو بھی ’گمراہ کن‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا کہ سیکورٹی فورسز کی طرف سے کوئی جنگ بندی نہیں کی جائے گی۔ امت شاہ کا کہنا ہے کہ جو لوگ اپنے ہتھیار چھوڑنا چاہتے ہیں ان کے لیے جنگ بندی کی ضرورت نہیں ہے، بس اپنے ہتھیارڈال دیں، پولیس کی طرف سے ایک بھی گولی نہیں چلائی جائے گی… بلکہ آپ کو معاشرے میں جگہ دی جائے گی،بازآبادکاری کی جائے گی۔ ۔ امت شاہ شیاما پرساد مکھرجی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’بھارت منتھن 2025: نکسل فری انڈیا‘ پروگرام کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ نکسلوادمارچ 2026 تک ختم ہو جائے گا، لیکن لڑائی اس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک کہ ان ’شہری نکسلائٹس‘جو نظریاتی، قانونی اور مالی مدد فراہم کر کے تحریک کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں ان کی شناخت کر کے انہیں روکا نہیں جاتا۔ بائیں بازو کی پارٹیوں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ، انہی پارٹیوں اور ان کے حامیوں سے، جنہوں نے سب سے پہلے سی پی آئی (ماؤ نواز) کی جنگ بندی کی تجویز پر کود پڑے تھے، ان سے پوچھا جانا چاہئے کہ ان کی ہمدردیاں قبائلیوں کے بجائے نکسلیوں کے ساتھ کیوں ہیں۔