پیرس، 28 اگست (یو این آئی) سنگلز میں دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو اور مکسڈ ڈبلز میں دھرو کپیلا اور تنیشا کرسٹو نے بی ڈبلیو ایف ورلڈ چیمپئن شپ 2025 کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ یقینی کر لی ہے۔ اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے سندھو نے جمعرات کو عالمی نمبر دو چین کی وانگ ژی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔ 2019 کی عالمی چیمپئن سندھو نے پہلے گیم میں جیت کے ساتھ اپنی گرفت مضبوط کر لی اور پھر دوسرے گیم میں اپنے حریف کو مکمل طور پر مات دے کر صرف 48 منٹ میں 21-19، 21-15 سے کامیابی حاصل کی۔ سندھو نے پہلے میچ میں بلغاریہ کی کالویان نلبانتووا اور دوسرے میچ میں ملائیشیا کی کروپاتھیون لیٹشنا کو شکست دی تھی، سیمی فائنل میں جگہ کے لیے جمعہ کو انڈونیشیا کی شٹلر پوتری کوسوما وردانی کا مقابلہ کریں گی۔ اس سے قبل ہندوستانی جوڑی نے ہانگ کانگ چین کے پانچویں سیڈ تانگ چون مان اور تسے ینگ سویٹ کو ایک گھنٹہ 3 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 19-21، 21-12، 21-15 سے شکست دی۔
ابتدائی گیم میں کم فرق سے ہارنے کے بعد، دھرو اور تنیشا نے اعتماد کے ساتھ واپسی کی اور دوسرے گیم پر غلبہ حاصل کیا اور فیصلہ کن گیم تک اپنی لئے برقرار رکھی۔ اس جیت کے بعد اب ان کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں چوتھی سیڈ ملائیشین جوڑی چن تانگ جی اور توہ ای وی سے ہوگا، جہاں ہندوستانی جوڑی اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھنا چاہے گی۔