نئی دہلی، 09 ستمبر (یو این آئی ) آئی سی سی اور ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن (ڈبلیو سی اے) کے درمیان کھلاڑیوں کے امیج لائسنسنگ کے حقوق پر تنازعہ پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ سارا معاملہ ایک نئی موبائل کرکٹ گیم سے متعلق ہے جسے آئی سی سی جلد شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ آئی سی سی نے پہلی بار اپریل میں اپنے ممبران کو اس پلان سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد جولائی میں سنگاپور میں ہونے والی اے جی ایم میں کچھ ممبر بورڈز نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ان حقوق کے حوالے سے اپنے کھلاڑیوں سے براہ راست بات کرنا چاہتے ہیں۔ ڈبلیو سی اے کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم ہے اور اسے ’خلاف ورزی‘ قرار دے رہی ہے۔ یہ اس معاہدے کے تناظر میں ہے جو اس نے آئی سی سی کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے آئی سی سی اور ’کچھ‘ممبر بورڈز پر کھلاڑیوں کے نام، تصویر اور مشابہت کے حقوق کو متفقہ شرائط سے باہر رکھنے کا الزام لگایا ہے۔