دبئی، 12 مارچ (یو این آئی) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو ہندوستان کے اسٹار بلے باز شبھمن گل اور آسٹریلیا کی الانا کنگ کو فروری کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کے خطاب سے نوازا۔انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی اور چیمپیئنز ٹرافی میں دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ابتدائی جیت میں شاندار سنچری بنانے پر گل کو آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ گل نے فروری میں پانچ ون ڈے میچوں میں 101.50 کی اوسط اور 94.19 کے اسٹرائیک ریٹ سے 406 رنز بنائے۔ انہوں نے دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری بنا کر انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ہندوستان کی 3-0 سے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں 87، کٹک میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں 60 اور پھر احمد آباد میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں 112 رنز بنائے۔ یہ گل کا تیسرا آئی سی سی ایوارڈ ہے۔ انہوں نے یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے گلین فلپس اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کو شکست دے کر حاصل کیا۔اسپن اسپیشلسٹ الانا کنگ کو میلبورن میں انگلینڈ کے خلاف ایشز ٹیسٹ میچ میں شاندار باؤلنگ پر یہ ایوارڈ ملا۔ اس کے ساتھ ہی کنگ آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ قرار پانے والی مسلسل تیسری آسٹریلوی کھلاڑی بن گئیں۔
کنگ نے ہم وطن اینابیل سدرلینڈ اور تھائی لینڈ کی تھیپاچا پوتھاونگ کو شکست دے کر فروری کا پہلا آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ جیتا۔فروری کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتنے پر، شبمن گل نے کہا، ’’میں فروری کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت کر بہت خوش ہوں۔ مجھے بلے سے اچھی کارکردگی دکھانے اور اپنے ملک کے لیے میچ جیتنے سے زیادہ کوئی چیز حوصلہ افزائی نہیں کرتی۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاری بہت اہم تھی اور مجھے خوشی ہے کہ میں اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہا۔
یہ ہمارے لیے انفرادی طور پر اور ایک یونٹ کے طور پر سال کا ایک بہترین آغاز رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آنے والے وقت میں ہندوستان کے لیے مزید کئی میچ جیتوں گا۔ یہ گل کا تیسرا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ اعزاز ہے۔ وہ اس سے قبل 2023 میں جنوری اور ستمبر میں دو بار جیت چکے ہیں۔ ہندوستان کے نائب کپتان گل سب سے زیادہ پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتنے والے ہندوستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز جیتنے کی فہرست میں پاکستانی بلے باز بابر اعظم کی برابری کر لی ہے۔ بابر اب تک تین بار مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔