ممبئی، 26 اپریل (یو این آئی) سابق ہندوستانی کوچ روی شاستری نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں چمکنے والے نوجوان بلے بازوں کی نئی نسل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آیوش مہاترے، ویبھو سوریاونشی، پریانش آریہ اور پربھسمرن سنگھ کا بین الاقوامی کرکٹ میں مستقبل روشن ہے۔
شاستری نے آئی سی سی ریویو کے ایک نئے ایپی سوڈ میں میزبان سنجنا گنیشن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی نوجوان سنسنی کے بے خوف رویے سے حیران ہیں جنہوں نے ٹورنامنٹ میں طوفان برپا کر رکھا ہے۔ سابق ہندوستانی کوچ نے چنئی سپر کنگز کے آیوش مہاترے اور راجستھان رائلز کے ویبھو سوریاونشی کے ساتھ ساتھ پنجاب کنگز کے جارحانہ اوپنرز پریانش آریہ اور پربھسمرن سنگھ جیسے نوجوانوں کی ہمت کی تعریف کی اور کہا کہ یہ چوکڑی مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر اس فارم کو اچھی طرح سے دہرا سکتی ہے۔ شاستری نے کہا، “پنجاب کے دو سلامی بلے باز (پریانش آریہ اور پربھسمرن سنگھ) شاندار بلے بازی کر رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی جو ابھی آئے ہیں وہ 14 سال یا 17 سال کے ہیں اور ابتدائی چھ اووروں میں رن بناتے ہیں۔ آریہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی زبردست فارم میں ہیں۔” خیال رہے کہ 23 سالہ آریہ نے 8 اننگز میں 201.58 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 254 رن بنائے ہیں جس میں سی ایس کے کے خلاف شاندار سنچری بھی شامل ہے۔ آریہ کو زخمی رتوراج گائیکواڈ کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے صرف 15 گیندوں پر 32 رن بنائے، جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے، ستاروں سے بھرے ممبئی انڈینز لائن اپ کے خلاف اپنے جرات مندانہ اسٹروک سے شائقین اور ماہرین کو حیران کر دیا۔شاستری نے کہا، ” آیوش آریہ نے ممبئی انڈینز کے خلاف جو شاٹس کھیلے، جس طرح سے انہوں نے ممبئی انڈینز کی اسٹار سے بھری لائن اپ کے خلاف 17 سال کی عمر میں ناقابل یقین شاٹس کھیلے، اس نے سب کی توجہ مبذول کرائی۔