شارب ردولوی ایوارڈ کے لئے پروفیسر علی احمد فاطمی کے نام کا اعلان
لکھنؤ:17؍مارچ:(پریس ریلیز)شعاع فاطمہ چیرٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام دئےجانے والے شارب ردولوی ایوارڈ کے لئےامسال مشہور و معروف ترقی پسند ناقد پروفیسر علی احمد فاطمی کے نام کا انتخاب کیا گیا ہے۔ شارب ردولوی ایوارڈ کا یہ تیسرا سال ہے اس سے قبل یہ ایوارڈ پروفیسرعتیق اللہ اور پروفیسر مجاور حسین کو دیا جاچکا ہے۔ شمیم نکہت وشارب ردولوی ایوارڈارگنائزنگ کمیٹی کے ممبران نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مجلس مشاور ت کی رائے اور اور جیوری کمیٹی کے فیصلے کے بعد پروفیسر علی احمدفاطمی کے نام کو منتخب کیاگیا۔ پروفیسر علی احمد فاطمی الہ آباد سینٹرل یونیورسٹی کے شعبہ اردو کےسابق صدر رہے ہیں ساتھ ہی35 سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں۔ ترقی پسند تحریک سفر در سفر،فیض ایک نیا مطالعہ ، احتشام حسین ذکر و فکر ، باقیات علی سردار جعفری ،ناول کی شعریات ، پروفیسر قمر رئیس تنقید و تحریک اورمرثیے کی جمالیات ان کی خاصی معروف کتابیں ہے ۔اس ایوارڈ کے لئے کیفی اعظمی اکیڈمی میں 5 اپریل 2026کو شام 3 بجے سے جلسے کا اہتمام کیا گیا ہےجس میں جسٹس سید قمر حسن رضوی جج الہ آباد ہائی کورٹ لکھنؤ بینچ یہ ایوارڈ پیش کریں گے۔ ۔تقریب کی صدارت ڈاکٹر عمار رضوی کریں گے جب کہ پروفیسر قمر جہاں ،پروفیسر شہزاد انجم ، پروفیسر محمد کاظم اور ڈاکٹر خان احمد فاروق اپنے تاثرات پیش کریں گے۔اس موقع پردہلی یونیورسٹی کےپروفیسرخالد اشرف ”شارب ردولوی کے تنقیدی افکار“موضوع پر شارب ردولوی میموریل لیکچر پیش کریں گے ۔ نظامت کے فرائض پروفیسر عباس رضا نیر انجام دیں گے۔