بھوپال:12؍جولائی:مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ضلع شاجاپور کے مکسی تھانے کی پولیس نے ایک بڑی ڈکیتی کی واردات وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی ناکام بنا کر پانچ ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے سابقہ لوٹ مار میں حاصل کیا گیا تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا سونا اور چاندی، ڈکیتی کی تیاری میں استعمال ہونے والی کار، گیس کٹر سمیت تقریباً 16 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد مالیت کی املاک ضبط کی گئی ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ شاجاپور پریانکا شکلا کی ہدایت پر کی گئی اس کارروائی کے دوران مکسی تھانے کی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مکسی بائی پاس پر اے بی روڈ پل کے نیچے چند بدمعاش ایک پٹرول پمپ پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی تشکیل دی گئی پولیس ٹیم نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان فرار ہونے لگے اور غلیل سے پتھر برسا کر پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کے دوران ایک ملزم نے اسکرو ڈرائیور سے کانسٹیبل چندر شیکھر جاٹ پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔ اس کے باوجود پولیس ٹیم نے جرات اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دورانِ تفتیش ملزمان نے 20 جون کو پیش آنے والی ایک لوٹ کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ لوٹا گیا سونا اور چاندی سرولیا کے جنگل میں چھپا کر رکھا گیا ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے زیورات برآمد کر لیے۔ اس کے علاوہ ڈکیتی کی تیاری میں استعمال ہونے والا گیس کٹر، دیگر آلات اور کار بھی ضبط کر لی گئی۔مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے ملزمان سے دیگر مجرمانہ وارداتوں کے سلسلے میں بھی تفصیلی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ریاست بھر میں منظم جرائم، لوٹ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف اسی طرح مسلسل اور سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔








