کلیانی،10 فروری ( یو این آئی ) شہباز احمد (4 وکٹیں) کی قیادت میں گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگال نے منگل کے روز آندھرا پردیش کو 90 رنز سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی بنگال نے ریکارڈ 19ویں مرتبہ رنجی ٹرافی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ پہلی اننگز میں 299 رنز کی تاریخی اننگز کھیلنے والے سدیپ کمار گھرامی کو ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔آندھرا پردیش نے آج اپنی دوسری اننگز کا آغاز گزشتہ روز کے اسکور 64 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ تاہم بنگال کے گیند بازوں نے صبح سے ہی دباؤ برقرار رکھا۔ شہباز احمد نے آندھرا کے کپتان رکی بھوئی (30) کو آؤٹ کر کے دن کی پہلی کامیابی حاصل کی۔ سورج سندھو جیسوال نے کے وی ششی کانت کو صفر پر پویلین بھیج کر حریف ٹیم کی کمر توڑ دی۔ ایک وقت پر نیتش کمار ریڈی (90) اور تریپورانہ وجے (46) نے آٹھویں وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کر کے بنگال کے لیے مشکلات پیدا کیں، لیکن شہباز احمد نے نیتش کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ آندھرا پردیش کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور بنگال نے 90 رنز سے میچ جیت لیا۔بنگال کی پہلی اننگز کےبڑے اسکور نے میچ میں ان کی پوزیشن پہلے ہی مضبوط کر دی تھی۔ اس کے بعد گیندبازوں نے باقی کام تمام کردیا ۔شہباز احمد نے 4، سورج سندھو جیسوال نے 2، جبکہ آکاش دیپ، سمنت گپتا اور انستوپ مجمدار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔









