بھوپال 11اگست: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے منگل کو وزارت سے ریاست کے لاکھوں اہل مستحقین کے کھاتوں میں سماجی تحفظ پنشن اسکیم کی پنشن رقم اور پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت اہل خواتین کو گیس سلنڈر ری فل کی ترغیبی رقم سنگل کلک کے ذریعے منتقل کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے تمام اضلاع میں موجود مستحقین سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی اور بہبود کے لیے ہماری حکومت پوری عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ سب کے گھروں میں خوشحالی آئے، یہی ہماری خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح خدمت اور انتودیہ ہے اور وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں غریبوں، نوجوانوں، خواتین کی طاقت اور کسانوں کی فلاح کے لیے تاریخی کام کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لگن کے جذبے کے ساتھ سب کی خدمت ہمارا دھرم اور انتودیہ ہی ہمارا آخری مقصد ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مختلف سماجی تحفظ پنشن اسکیموں کے تحت ریاست کے 35 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ اہل مستحقین کے بینک کھاتوں میں 211 کروڑ 53 لاکھ روپے منتقل کیے۔ یہ رقم جولائی 2026 کی پنشن کے طور پر متعلقہ مستحقین کے کھاتوں میں پہنچائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کی رقم بھلے ہی کم ہو، لیکن اس سے ملنے والا سہارا بہت بڑا ہوتا ہے۔ بزرگوں کے چہروں کی مسکراہٹ سے ہی حکومت کو عوامی بہبود کے لیے مزید بہتر کام کرنے کی نئی توانائی ملتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے تہوار صرف جشن کا موقع نہیں ہوتے بلکہ معاشرے کے آخری فرد کی خوشیوں سے جڑنے کا موقع بھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے شہریوں کا احترام اور سب کی خوشی سے بڑھ کر کوئی دوسرا تہوار نہیں ہے۔ اسی لیے ہم نے آنے والے تہواروں پر سب سے پہلے بزرگوں کو پنشن کی رقم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
شراون ماہ اور آنے والے رکشا بندھن کے تہوار کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کی تقریباً 22 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ بہنوں کے کھاتوں میں اپریل اور مئی 2026 کے گیس سلنڈر ری فل کی رقم بھی سنگل کلک کے ذریعے منتقل کی۔ اس کے تحت تقریباً 99 کروڑ روپے کی دو ماہ کی سبسڈی بہنوں کے کھاتوں میں پہنچائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساون تو بہنوں کا ہی مہینہ ہوتا ہے۔ بہنیں خوش نہ ہوں تو گھر میں رونق نہیں ہوتی، اسی لیے ہم نے ابھی سے ہی انہیں رکشا بندھن کا تحفہ دینا شروع کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ریاست کی تمام بہنوں کو رکشا بندھن کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سب خوشی سے رکشا بندھن منائیں، اچھے پکوان بنائیں اور اپنے بھائیوں کو کھلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہنوں کی خوشی میں ہی ہماری خوشی ہے، بہنوں کی فلاح میں ہم کوئی کمی نہیں رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے عوام کو ہریالی تیج، یوم آزادی اور رکشا بندھن کی مبارکباد دیتے ہوئے مہاکال کی کرپا سے سب کی زندگی میں سکھ، خوشحالی اور مسرت کی دعا کی۔ انہوں نے ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ریاست کے تمام شہریوں سے اپنے اپنے گھروں پر ترنگا لگانے کی اپیل کی۔
منترالیہ میں منعقدہ پروگرام سے وزیر خوراک، شہری رسد اور صارفین تحفظ مسٹر گووند سنگھ راجپوت اور وزیرسماجی انصاف و معذور افراد بہبود، باغبانی اور غذائی پروسیسنگ مسٹر نارائن سنگھ کشواہا نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام میں ایڈیشنل چیف سکریٹری خوراک و شہری رسد مسٹر رشمی ارون شمی، پرنسپل سکریٹری سماجی انصاف و معذور افراد کی بہبود محترمہ سونالی وائنگنکر سمیت دیگر محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔









