نئی دہلی، 19اکتوبر:ملک کے ممتاز اور باوقار میڈیا تعلیمی و تحقیقی ادارے اے جے کے ماس کمیونیکیشن ریسرچ سینٹر ، جامعہ ملیہ اسلامیہ (AJK-MCRC)، ( مرکزی یونیورسٹی) ،میں معروف صحافی ڈاکٹر ایم رحمت اللہ نے پروفیسر (ٹی وی) کے طور پر اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ تین دہائیوں سے زائد عرصے تک ایکٹیو صحافت اور میڈیا مینجمنٹ میں نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد اب وہ اپنے وسیع تجربات سے طلبہ کو مستفید کریں گے اور انہیں میڈیا کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرائیں گے۔ڈاکٹر رحمت اللہ نے انگریزی اور ماس کمیونیکیشن میں ایم اے کی، اور 2003 میں پی ایچ ۔ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے وابستہ ہونے سے قبل وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن اور دہلی یونیورسٹی کے دہلی اسکول آف جرنلزم میں وزیٹنگ فیکلٹی کے طور پر تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اپنے طویل اور درخشاں پیشہ ورانہ کیریئر میں ڈاکٹر رحمت اللہ نے متعدد معروف میڈیا اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ دوردرشن نیوز میں کنسلٹنگ ایڈیٹر، چینل ون نیوز میں چینل ہیڈ، سہارا ٹی وی میں سینئر پروڈیوسر، اے این آئی نیوز ایجنسی میں بیورو چیف، ای ٹی وی حیدرآباد میں پرنسپل کرسپانڈنٹ، آل انڈیا ریڈیو میں ایسوسی ایٹ ایڈیٹر، امر اجالا میں سب ایڈیٹر، سندھیا پہری میں نمائندہ، اور قومی تنظیم میں چیف رپورٹر و فیچر ایڈیٹر کے طور پر اپنی خدمات پیش کر چکے ہیں۔ڈاکٹر رحمت اللہ نے کویت، دبئی، عراق، آذربائیجان اور کٹھمنڈو (نیپال) جیسے ممالک کا دورہ کیا اور وہاں صحافتی و تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ان کی اہلیہ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی ، نئی دہلی میں اگست 2024 سے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔اس کامیابی کے پیش نظران کے رفقا، احباب اور چاہنے والوں نے انہیں اس نئی ذمہ داری کے لیے ڈاکٹر رحمت اللہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔