بنگلورو 2دسمبر: کرناٹک میں پاورشیئرنگ کا فارمولہ کانگریس کے لیے ٹیڑی کھیر ثابت ہورہا ہے ۔ وزیراعلیٰ سدارامیا اورنائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیو کمار کے بیچ اس معاملے پر اختلافات نمایاں ہیں جس کے بعد پارٹی خیموں میں بٹی ہوئی ہے ۔ اندرونی کشمکش اب عام ہوچکی ہے۔ اسے بات چیت سے حل کرنے کے لیے مرکزی قیادت نے ریاست کے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کو ہدایت کی ہے۔ اسی کڑی میں آج( منگل) چیف منسٹرسدارامیا اور ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیوکمار کی ناشتے پر ملاقات ہوئی ۔یہ ملاقات ،نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیو کمار کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ذرائع اسے خیرسگالی کی ملاقات بتارہے ہیں۔اس سے قبل، ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیو کمار نے چیف منسٹرسدارامیا کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے بعد،وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ پارٹی میں اتحاد ہے اور مل کر حکومت چلائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ اگر اعلیٰ کمان کی جانب سے اجازت ملتی ہے تو وہ سبھی ارکان پارلیمان سے ملاقات کریں گے۔انھوں نے کہا کہ وہ،8دسمبرکو دہلی میں ملاقات کریں گے۔ ڈی کے شیوکمار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس ناشتے کی ملاقات کی کچھ تصویریں شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا کہ آج میں نے سی ایم سدارامیا کو اپنے گھر پر ناشتے پر مدعو کیا ہے ۔
ہم نے کانگریس کے وژن کے تحت اچھی حکمرانی اور اپنی ریاست کی مسلسل ترقی کے لیے اپنے عہد کی تجدید کی ہے۔