رائے پور21مئی: چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں نکسلیوں کے خلاف سلامتی دستوں کا بڑا آپریشن جاری ہے۔ اطلاع کے مطابق جوانوں نے نکسلیوں کے ایک بڑے گروپ کو گھیر لیا جس میں کئی بڑے کمانڈر بھی شامل ہیں۔ صبح سے ہو رہی فائرنگ میں اب تک 30 سے زائد نکسلیوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ اس تصادم میں فوج کا ایک جوان بھی شہید ہو گیا ہے۔ تصادم ابو جھماڑ کے جاٹلور علاقے میں چل رہا ہے۔ سلامتی دستوں نے اب تک اس کارروائی میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ نارائن پور کے ایس پی پربھات کمار کے مطابق نکسلیوں کے ماڑ ڈویژن کے بڑے کیڈر کی اطلاع ملنے پر ڈی آر جی نارائن پور، دنتے واڑہ، بیجا پور اور کونڈا گاؤں کے ابوجھماڑ میں آپریشن چلایا گیا۔ بدھ کی صبح سے تصادم جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ اس کارروائی میں ملک بھر کی ایجنسیوں کو جس بڑے نکسلی رہنما کیشو راؤ عرف بسو راج کی طویل عرصے سے تلاش تھی وہ مارا گیا ہے۔ بسو راج نکسلیوں کا جنرل سکریٹری تھا اور اس پر ایک کروڑ روپے کے انعام کا بھی اعلان تھا۔ فی الحال علاقے میں تلاشی مہم جاری ہے اور سیکوریٹی فورسز جنگل میں سرچ آپریشن کو انجام دے رہی ہے۔ افسروں کا کہنا ہے کہ جب تک تلاشی پوری نہیں ہو جاتی، ضبط کیے گئے اسلحہ اور دیگر سامان کی تفصیلات ساجھا نہیں کی جا سکتی۔ یہ تاریخی کارروائی ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) کے جوانوں نے انجام دی۔ ڈی آر جی کی اس کامیابی کو نکسل مخالف مہم کی سمت میں ایک بڑی حصولیابی مانا جا رہا ہے۔ جس نکسلی رہنما کی تلاش پورے ملک کی سیکوریٹی ایجنسیوں کو تھی اسے مار گرا کر سلامتی دستوں نے ایک اہم کارنامہ انجام دیا ہے۔