جکارتہ 05 جون (یو این آئی) ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی نے ڈنمارک کی جوڑی راسمس کیئر اور اینڈرس سکاروپ راسموسن کو شکست دے کر انڈونیشیا اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا جبکہ دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو کو پری کوارٹر فائنل میں مقامی پورن پاوی چوچوونگ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔آج یہاں مردوں کے ڈبلز میں ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی نے ڈنمارک کی جوڑی راسمس کیر اور اینڈرس اسکاروپ راسموسن کو 16-21، 21-18، 22-20 سے شکست دی۔
پہلا گیم ہارنے کے بعد ساتوک- چراغ نے زبردست واپسی کی اور دوسرا گیم 14-14 سے برابر رہنے کے بعد اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے میچ جیت لیا۔ فیصلہ کن میچ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کو سخت مقابلہ دیا۔ ایک گھنٹہ 10 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ساتوک-چراغ نے ایک میچ پوائنٹ بچایا اور سنسنی خیز جیت درج کی۔ خواتین کی سنگلز بیڈمنٹن رینکنگ میں 21 ویں نمبر پر موجود سندھو کو تھائی لینڈ کی چھٹی سیڈ اور دنیا کی آٹھویں نمبر کی کھلاڑی پورنپاوی چوچوونگ سے پہلا گیم جیتنے کے بعد 22-20، 10-21، 8-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پہلا گیم بہت مشکل تھا۔ پورن پاوی مڈ گیم بریک میں 11-10 سے آگے تھیں اور پھر انہوں نے اپنی برتری بڑھا کر 16-10 کر لی۔ لیکن سندھو نے واپسی کی اور اسکور 18-18 کر دیا۔ پورن پاوی کو 20-19 پر پہلا گیم پوائنٹ ملا، لیکن سندھو نے شاندار واپسی کی اور گیم جیت لیا۔
دوسرا گیم مکمل طور پر پورن پاوی کے نام رہا۔ انہوں نے یہ گیم آسانی سے جیت کر میچ کو تیسرے گیم میں پہنچا دیا۔ فیصلہ کن گیم میں سندھو نے 11-8 اور 15-11 کی برتری حاصل کی لیکن وہ اسے برقرار نہیں رکھ سکیں اور ایک گھنٹہ 18 منٹ میں میچ ہار گئیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کا سنگلز میچ میں چیلنج ختم ہو گیا ہے۔خواتین کے ڈبلز میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کو جاپان کی یوکی فوکوشیما اور میو ماتسوموتو سے سیدھے گیمز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندو ستانی جوڑی نے دوسرے گیم میں جدو جہد کی لیکن انہیں 13-21، 22-24 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے علاوہ ستیش کروناکرن اور آدیا وریات کو تھائی لینڈ کی چھٹی سیڈ جوڑی ڈیچاپول پووارانوکروہ اور سوپیسارا پیوسمپارن نے 21-7، 21-12 سے شکست دی۔