بھوپال:15؍مئی:ہندوستانی فوج کے اعزاز میں راج گڑھ کے حلقہ سارنگ پور میں ایک عظیم الشان ترنگا یاترا نکالی گئی۔ جس میں حب الوطنی کے جذبے سے لبریز ہزاروں شہریوں نے جوش و خروش سے شرکت کی ۔یاترا گاندھی چوک سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بس اسٹینڈ پہنچی۔ جہاں بھارت ماتا کی آرتی کے ساتھ یاتراکا اختتام ہوا۔ہندوستانی فوج کے اعزاز میں منعقد کی گئی عظیم الشان ترنگا یاترا میں سماج کے تمام طبقات کے لوگوں نے شرکت کی۔
اس میں سماجی تنظیموں، منڈلوں، کمیٹیوں اور طبقات کے لوگوں نے اتحاد کا پیغام دیا اور قوم کے تئیں اپنی غیر متزلزل وفاداری کا ثبوت دیا۔ اس کے علاوہ نوجوانوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت سبھی نے یاترا میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یاترا میں بھارت ماتا کی جھنکار، روایتی ملبوسات میں ملبوس نوجوانوں کا گروپ اور بینڈ خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔
ترنگا یاترا دوپہر 3 بجے گاندھی چوک سے شروع ہوئی اور شہر کی اہم سڑکوں سے ہوتی ہوئی بس اسٹینڈ پہنچی۔ راستے میں مختلف مقامات پر پھولوں کی بارش کرکے یاترا کا استقبال کیا گیا۔ اس یاترا میں سابق ہندوستانی فوجی بھی شامل ہوئے اور ماحول ‘بھارت ماتا کی جئے، ‘وندے ماترم اور ‘جئے ہند کے نعروں سے گونج اٹھا۔
ترنگا یاترا میں مدھیہ پردیش حکومت کے وزیر مملکت مسٹر گوتم ٹیٹوال نے یاترا کی شروعات کی۔ بھارت ماتا کی آرتی سے پہلے وزیر مسٹرٹیٹوال نے کہا کہ ہمارے فوجی سرحد پر کھڑے ہیں اور دن رات ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔
آج سارنگ پور کے شہریوں نے اتحاد اور حب الوطنی کی جو مثال پیش کی ہے وہ متاثر کن ہے۔ ہندوستان ایک مقدس سرزمین ہے۔ جہاںبہادروں نے جنم لیا۔ بہادر ہندوستانی خواتین کی کہانی پورے ملک میں مشہور ہے۔ یہ ہمارا فخر ہے کہ اس سرزمین پر وہ بہادر خواتین پیدا ہوئیں جن کی شاندار داستان تاریخ میں امر ہے۔ آج نہ صرف سارنگ پور بلکہ پورا ملک فوجی جوانوں پر فخر محسوس کرتا ہے۔
یاترا کے دوران حفاظتی بندوبست چاک و چوبند رہے۔ شہری انتظامیہ، پولس محکمہ اور مختلف سماجی تنظیموں کے رضاکاروں نے مل کر انتظامات کو منظم بنائے رکھا۔ عظیم ترنگا یاترا کے بعد وزیر مسٹرٹیٹوال نے سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج سارنگ پور قومی اتحاد کی علامت بن گیا ہے۔
یہ سارنگ پور کے لیے فخر کی بات ہے، آج یہاں کے لوگوں نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کی حفاظت میں لگے ہوئے فوجیوں کے لیے ان کے دلوں میں کتنی عزت ہے۔ آج یہ یاتراسماجی ہم آہنگی، باہمی بھائی چارے اور حب الوطنی کی زندہ مثال بن گئی ہے۔