نئی دہلی، 14 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے ہندوستانی فوجی افسر کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے پر مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ کو فوری طور پر برطرف اور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم پی سنجے سنگھ نے بدھ کو یہاں کہا کہ ہندوستانی فوج کی توہین کرکے مسٹر شاہ نے ملک کے سامنے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ملک دشمن ذہنیت کو بے نقاب کردیا ہے۔ بی جے پی صرف ملک کو تقسیم کر سکتی ہے، اسے کبھی متحد نہیں کر سکتی۔ یہ اس کا اصل کردار ہے۔ اسی لیے ان کے وزیر ملک کی بہادر بیٹی صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرنل صوفیہ قریشی کی توہین ہندوستانی فوج کی توہین ہے۔ ایسے وزیر کو فوری طور پر برطرف کر کے گرفتار کیا جائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی فوج کی توہین کے معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ وزیر کا ہندوستانی فوج کی توہین کرنے کا پہلے ہی برا ٹریک ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل مسٹر شاہ نے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کی اہلیہ کے بارے میں بھی قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ بی جے پی نے ایک ایسے شخص کو وزیر بنایا ہے جس نے خواتین کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرہ کیا تھا۔ اس کے لیے وزیر اعظم کو پورے ملک سے معافی مانگنی چاہیے اور مسٹر شاہ کو کابینہ سے برطرف کرکے گرفتار کیا جانا چاہیے۔