لکھنو7مارچ:سنبھل کے سرکل آفیسر (سی او) انوج چودھری کے ہولی سے متعلق بیان پر سیاسی ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پروفیسر رام گوپال یادو نے ان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انوج چودھری جیسے پولیس افسران کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ہی فسادات بھڑکتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جب سنبھل میں تشدد ہوا تھا، تب انوج چودھری پولیس اہلکاروں کو گولی چلانے کے احکامات دے رہے تھے۔ رام گوپال یادو نے سخت لہجے میں کہا کہ جب بھی حکومت بدلے گی تو ایسے پولیس افسر جیل میں ہوں گے۔ یہ تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب سنبھل میں پیس کمیٹی کی ایک میٹنگ کے دوران سی او انوج چودھری نے ہولی اور عید کے حوالے سے بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو ہولی کے رنگوں سے مسئلہ ہے تو وہ اس دن اپنے گھر سے نہ نکلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی باہر آتا ہے تو اسے بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ سی او کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں زبردست ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سی او انوج چودھری نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ “جس طرح پورے سال مسلم برادری عید کا انتظار کرتی ہے، اسی طرح ہندو برادری ہولی کا انتظار کرتی ہے۔ ہولی خوشی سے منائی جاتی ہے، رنگ ڈال کر، مٹھائی کھلا کر، اور ‘بُرا نہ مانو ہولی ہےکہہ کر جشن منایا جاتا ہے۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کریں اور غیر ضروری طور پر کسی پر رنگ نہ ڈالیں۔