نئی دہلی 20نومبر:راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ تنظیموں نے جموں خطے میں احتجاج شروع کیا ہے، اور مطالبہ کیا ہے کہ شری ماتا ویشنودیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس اپنے پہلے بیچ کے طلباء کے لیے داخلہ کی فہرست کو منسوخ کردے،کیونکہ، ان میں سے 90 فیصد کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسلمان ہیں۔ اودھم پور سے بی جے پی کے ایم ایل اے، آر ایس پٹھانیہ نے وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کے حمایت یافتہ مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے دلیل دی ہے کہ ایک ادارہ جو ویشنو دیوی کو دیے گئے عطیات سے قائم کیا گیا ہے، اس پر مسلم کمیونٹی کا غلبہ نہیں ہونا چاہیے، اور یہ کہ سیٹیں ہندوؤں کے لیے مختص کی جانی چاہیے۔
تاہم، یہ ممکن نہیں ہوگا کیونکہ میڈیکل کالج کو اقلیتی ادارے کے طور پر درجہ بندی نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود وی ایچ پی اور بجرنگ دل نے کٹرا میں واقع انسٹی ٹیوٹ کے باہر مظاہرے کیے اور ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا پتلا بھی جلایا۔ جموں و کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز (جے کے بی او پی ای ای) نے وشنو دیوی میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے لیے 50 امیدواروں کی فہرست کو کلیئر کرنے کے بعد یہ تنازعہ شروع ہوا، فہرست میں سے 42 کا تعلق کشمیر اور آٹھ کا جموں سے تھا۔ ان طلباء میں سے 36 پہلے ہی داخلہ لے چکے ہیں۔