لزبن،7 ستمبر (یو این آئی)فٹبال کی دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک، کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے آرمینیا کو 0-5 سے شکست دی۔ اس میچ میں رونالڈو نے دو شاندار گول اسکور کیے، جس کے بعد ان کے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں گولز کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل رونالڈو اور میسی دونوں کے 36،36 گول تھے، اور وہ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر تھے۔ اب رونالڈو نے تنِ تنہا دوسری پوزیشن* سنبھال لی ہے، جبکہ میسی تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں پہلا نمبر گوئٹے مالا کے کارلوس روئیز کے پاس ہے، جن کے 39 گول ہیں۔ رونالڈو صرف ایک گول کے فرق سے اس ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔ میچ کے دوران رونالڈو کی کارکردگی قابلِ دید تھی، خاص طور پر ان کا ایک طویل فاصلے سے مارا گیا گول، جس نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو حیران کر دیا۔مزید برآں، رونالڈو کے بین الاقوامی گولز کی تعداد اب 140 ہو چکی ہے، جو انہیں مردوں کے عالمی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بناتی ہے۔40 سالہ رونالڈونے حال ہی میں سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ نیا معاہدہ کیا ہے۔









