نئی دہلی، 22 دسمبر (یو این آئی) ہندستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان روہت شرما نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد درپیش جذباتی صدمے پر کھل کر گفتگو کی اور اعتراف کیا کہ اس دل شکستگی نے انہیں اندر سے توڑ کر رکھ دیا تھا اور وہ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو گئے تھے۔روہت شرما نے یہ بات ماسٹرز یونین کنووکیشن 2025 میں کہی، جہاں وہ بطور مہمانِ خصوصی تھے اور طلبہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ہندستان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد کے حالات کو یاد کرتے ہوئے کہا، 2023 ورلڈ کپ فائنل کے بعد میں بالکل ٹوٹ چکا تھا اور مجھے لگا کہ شاید میں اب یہ کھیل مزید نہیں کھیل پاؤں گا کیونکہ اس نے مجھ سے سب کچھ چھین لیا تھا اور میرے اندر کچھ بھی باقی نہیں بچا تھا۔ہندستانی کپتان نے بتایا کہ اس مایوسی کی بڑی وجہ وہ غیر معمولی ذاتی محنت اور جذباتی وابستگی تھی جو انہوں نے 2022 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد سے کی تھی اور ان کا واحد مقصد ہندستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنا تھا۔انہوں نے کہا یہ میرے لیے ذاتی طور پر بہت مشکل وقت تھا، کیونکہ میں نے صرف ورلڈ کپ سے دو تین ماہ پہلے نہیں بلکہ 2022 میں کپتانی سنبھالنے کے بعد سے سب کچھ اسی ایک ہدف کے لیے لگا دیا تھا۔ چاہے وہ ٹی20 ورلڈ کپ ہو یا 2023 کا ورلڈ کپ، میرا مقصد صرف جیت حاصل کرنا تھا۔ جب ایسا نہیں ہو سکا تو میں مکمل طور پر بکھر گیا تھا۔