پٹنہ2اپریل: آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو کی طبیعت آج زیادہ خراب ہو گئی، جس کے بعد انھیں ایئر ایمبولنس سے دہلی لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بلڈ شگر بڑھنے کی وجہ سے ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی ہے۔ پٹنہ کے ڈاکٹروں نے انھیں دہلی جانے کا مشورہ دیا ہے، لیکن ابھی وہ پٹنہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں کچھ ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ وہ آج کسی بھی وقت دہلی کے لیے روانہ ہو سکتے ہیں۔ دراصل لالو پرساد گزشتہ 2 دنوں سے بیمار ہیں۔ بلڈ شگر بڑھنے کے سبب ایک پرانے زخم نے انھیں پریشان کر دیا ہے۔ آج صبح جب ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی تو دہلی لے جانے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن ابھی روانگی نہیں ہوئی ہے۔ آج صبح تک رابڑی دیوی کی رہائش پر ہی ڈاکٹروں کی دیکھ ریکھ میں ان کا علاج کیا گیا۔ پھر طبیعت زیادہ بگڑی تو بوقت دوپہر پٹنہ واقع پارس اسپتال لے جایا گیا۔ ان کے ساتھ دہلی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹروں نے انھیں فوری طور پر دہلی جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے یہ بھی خبر سامنے آ رہی ہے کہ لالو پرساد کو دہلی واقع ایمس میں داخل کرایا جائے گا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کے ذریعہ ان کا علاج ہوگا۔