بنگلورو، 17 مئی (یواین آئی) وراٹ کوہلی کے شاندار ٹیسٹ کیریئر کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی شاندار تقریب پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کےمیچ پر شدید بارش کا اندیشہ ہے ۔ سابق ہندوستانی کپتان کی سرخ گیند والے کرکٹ سے رخصتی کی یادیں شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہیں، ایسے میں آر سی بی کے کھلاڑی اپنے اس عظیم کھلاڑی کی عزت افزائی کے لیے تیار ہیں۔پیش گوئیوں کے مطابق ٹاس کے وقت شام سات بجے بارش ہونے کا 71 فیصد امکان ہے، اور پوری شام بارش جاری رہے گی۔ ایکیوویدر کے مطابق، شام پانچ بجے بارش کا امکان 58 فیصد ہے اور رات نو بجے بھی یہ 49 فیصد برقرار ہے، جس سے ممکنہ سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں میں بنگلورو اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں مسلسل بارش ہوئی ہے، کئی علاقوں میں پانی بھرنے کی خبریں ہیں۔ چناسوامی اسٹیڈیم، اگرچہ عالمی معیار کے پانی کے نکاسی کے نظام سے لیس ہے، پھر بھی اگر شام تک بارش جاری رہتی ہے توجدوجہد کرنی پڑسکتی ہے۔یہ میچ بہت اہم ہے۔ آر سی بی کو پلے آف میں اپنی جگہ یقینی کرنے کے لیے جیت درکار ہے اور وہ پوائنٹس بانٹنے سے بچنا چاہے گی۔ اس دوران، کے کے آر اس سیزن میں ایک بار پہلے ہی موسم کی مار جھیل چکا ہے – ایڈن گارڈنز میں پنجاب کنگز کے خلاف اس کا پچھلا میچ صرف ایک اوور کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔
منتظمین اور شائقین اب سانس روک کر آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بارش صاف ہونے پر دیر سےمیچ کے آغاز کی امید ہے۔