ممبئی، 17 مئی (یواین آئی) پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) نے ہفتہ کو سیزن 12 کے لیے ‘ایلیٹ رٹینڈ پلیئرز’، ‘رٹینڈ ینگ پلیئرز’ اور ‘نیو ینگ پلیئرز’ کی فہرست جاری کی۔ سیزن 12 کی نیلامی 31 مئی اور یکم جون کو ممبئی میں منعقد ہوگی۔ زیادہ تر فرنچائزز نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو رٹین کیا ہے، جن میں یو ممبہ کے سنیل کمار اور عامر محمد ظفردانش، ہریانہ اسٹیلرز کے جے دیپ دہیا، یو پی یودھا کے سورندر گل، اور پنیری پلٹن کے اسلم انعام دار اور موہت گوئت شامل ہیں۔ اس بار کل 83 کھلاڑیوں کو تین کیٹیگریز میں رٹین کیا گیا ہے۔
نیلامی میں 500 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے، جن میں ہندوستان کے پون سہراوت، ارجن دیشوال، آشو ملک، اور پی کے ایل 11 کے ٹاپ رائیڈر دیوانک دلال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ایران کے تجربہ کار فضل اتراچلی اور محمد رضا شادلوئی، ساتھ ہی منیندر سنگھ اور پر دیپ نر وال جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی نیلامی میں شامل ہوں گے۔
نوین کمار پہلی بار نیلامی میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے دبنگ دہلی کے سی کے لیے 6 سیزنز میں 1102 رائیڈ پوائنٹس بنائے ہیں اور 1000+ پوائنٹس کے ساتھ نیلامی میں حصہ لینے والے پہلے کھلاڑی ہوں گے۔ نیلامی کے لیے کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا اور ان کی ایک بیس پرائس (بنیادی قیمت) بھی ہوگی۔
کیٹیگری اے کی بیس پرائس 30 لاکھ روپے، کیٹیگری بی کے لیے 20 لاکھ روپے، اور کیٹیگری سی کے کھلاڑی کم از کم 13 لاکھ روپے میں فروخت ہوں گے۔ ہر فرنچائز کے پاس پانچ کروڑ روپے کا کل سیلری پرس ہوگا۔









