ممبئی 12جولائی: مہاراشٹر میں صوتی آلودگی پر کنٹرول کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے مختلف مقامات سے بڑی تعداد میں لاؤڈاسپیکر کو ہٹانے کا عمل انجام دیا ہے۔ حکومت نے اب تک ریاست بھر میں مجموعی طور پر 3367 لاؤڈ اسپیکر ہٹائے ہیں۔ اس کے متعلق خود مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اسمبلی میں اطلاع دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں کہا کہ ’’صرف ممبئی میں 1608 لاؤڈ اسپیکر ہٹائے گئے ہیں۔ ان میں 1150 مساجد، 48 مندر، 10 چرچ، 4 گرودوارہ اور 147 دیگر مقامات کے لاؤڈ اسپیکر شامل ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس نے باہمی رضامندی سے مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے ہیں۔ اس دوران کوئی مذہبی تنازعہ یا ایف آئی آر نہیں ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ممبئی پولیس نے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے میں اچھا کام کیا ہے۔ دیویندر فڑنویس کا کہنا ہے کہ اب مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر نہیں لگائے جائیں گے۔ انہوں نے تنبیہ دی ہے کہ افسران کی اجازت کے بغیر اگر لاؤڈ اسپیکر دوبارہ لگائے گئے، تو پھر مقامی پولیس اسٹیشن کے افسران جوابدہ ہوں گے۔ واضح ہو کہ ریاستی حکومت کا یہ قدم مہاراشٹر میں صوتی آلودگی کو کم کرنے، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔