دبئی، 16 دسمبر (یو این آئی ) انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے میدان میں منگل کی شام کرکٹ تاریخ کے سنہری اوراق میں درج ہو گئی، جب 17 سالہ ہندوستانی نوجوان ابھیگیان کنڈو کی تاریخی ڈبل سنچری اور دیپیش دیویندرن کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ہندوستان نے ملیشیا کو 315 رنز سے بھاری شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ ہندوستانی نوجوانوں نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں پر 408 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ جواب میں ملیشیائی ٹیم ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے 32.1 اوورز میں محض 93 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ملیشیا کی جانب سے حمزہ پانگی نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، مگر یہ جدوجہد ہندوستانی طوفان کے آگے بے معنی ثابت ہوئی۔ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کرنے والی ملیشیائی ٹیم نے ابتدا میں ہندوستانی کپتان اور اوپنر آیوش مہاترے کو 14 رنز پر آؤٹ کر کے کچھ امید جگائی، جبکہ ویہان ملہوترا بھی سات رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد ویبھو سوریہ ونشی اور ویدانت ترویدی نے اننگز کو سہارا دیا اور اسکور بورڈ کو دوبارہ حرکت میں لے آئے۔
پہلے سوریہ ونشی اور ترویدی کے درمیان 40 رنز کی شراکت ہوئی، پھر میدان میں داخل ہوا وہ نوجوان جس نے تاریخ بدل دی-ابھیگیان کنڈو۔ کنڈو اور ترویدی نے چوتھی وکٹ کے لیے 181 گیندوں پر 209 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ملییشیائی بولنگ کی کمر توڑ دی۔ ترویدی بدقسمتی سے اپنی سنچری سے محروم رہے اور 106 گیندوں پر 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کنڈو نے 80 گیندوں میں سنچری مکمل کر کے اپنے ارادے واضح کر دیے۔
اننگز کے آخری اوورز میں کنڈو نے جارحیت کی انتہا کر دی۔ چوکے اور چھکے ہر سمت برسنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ یوتھ ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ اس بائیں ہاتھ کے نوجوان نے 125 گیندوں پر 17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے 209 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلی۔
کنڈو نے صرف 44 گیندوں میں نصف سنچری اور 80 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ وہ 46ویں اوور میں 150 کے ہندسے کو پہنچے اور پھر برق رفتاری کے ساتھ 49ویں اوور میں 121 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کر لیا۔ کنشک چوہان کے ساتھ ان کی 36 گیندوں پر 87 رنز کی طوفانی شراکت نے ہندوستان کو 400 کے پار پہنچایا۔
یہ اسکور انڈر 19 کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے جورک وین شالک وِک (215) کے بعد دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، جبکہ انڈر 19 ایشیا کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ذاتی اسکور بھی قرار پایا۔
ہدف کے تعاقب میں ملیشیائی ٹیم ہندوستانی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی۔ دیپیش دیویندرن نے سات اوورز میں محض 22 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اودھو موہن نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کشن کمار سنگھ، کھلن پٹیل اور کنشک چوہان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ملائیشیا کے آٹھ بلے باز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ پانگی کی 35 رنز کی مزاحمت ہندوستانی رنز کے سیلاب کے آگے ٹھہر نہ سکی۔رنز کے اعتبار سے یہ ہندوستانی انڈر 19 ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے 2004 میں اسکاٹ لینڈ کو 270 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ حال ہی میں یو اے ای کے خلاف 234 رنز کی جیت اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔یہ فتح محض ایک جیت نہیں، بلکہ ہندوستانی نوجوان کرکٹروں کے روشن مستقبل کا اعلان ہے۔