بنگلورو، 30 اگست (یو این آئی) رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے ہفتہ کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ میں ہلاک ہونے والے گیارہ متاثرین کے خاندانوں کے لئے 25-25 لاکھ روپے کے مالی پیکیج کا اعلان کیا۔فرنچائزی نے آرسی بی کیئرنامی ایک نئی طویل المدتی پہل کی بھی نقاب کشائی کی، جس کا مقصد کمیونٹی کو مسلسل تعاون فراہم کرنا ہے۔آر سی بی کے مطابق، یہ مالی امداد سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی طرف پہلا قدم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ “یہ صرف مالی مدد نہیں ہے، بلکہ ہمدردی، اتحاد اور مسلسل دیکھ بھال کا وعدہ ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ 4 جون 2025 کو پیش آیا، جب چناسوامی اسٹیڈیم کے گیٹ کے باہر ضرورت سے زیادہ اور بے قابو ہجوم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں آرسی بی خاندان کے گیارہ افراد ہلاک ہوگئے۔ فرنچائزی نے کہا کہ اس نقصان سے ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔بیان میں مزید لکھا گیا، “4 جون 2025 کو، ہمارے دل ٹوٹ گئے۔ ہم نے آرسی بی خاندان کے گیارہ افراد کو کھو دیا۔ وہ ہمارا حصہ تھے، ہمارے شہر، ہماری کمیونٹی اور ہماری ٹیم کو منفرد بنانے کا حصہ تھے۔ ان کی موجودگی ہم سب کی یادوں میں ہمیشہ رہے گی۔









