بنگلورو، 6 اگست (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹر رشبھ پنت نے کرناٹک کے باگل کوٹ ضلع کی مالی مشکلات سے دوچار طالبہ کی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد کی ہے۔وکٹ کیپر بلے باز کے اس شاندار کام کی بڑے پیمانے پر ستائش کی جا رہی ہے۔بلاگی تعلقہ کے ربکوی گاؤں کی جیوتی کنبور مٹھ نے اپنے پری یونیورسٹی کورس (پی یو سی) میں 85 فیصد نمبر حاصل کیے تھے اور اس نے بیچلر آف کمپیوٹر ایپلی کیشنز (بی سی اے) کورس میں داخلہ لیا تھا۔ تاہم، مالی مجبوریوں کے سبب اس کا خانداس کی کالج کی فیس ادا کرنے سے قاصر تھا۔مالی مدد حاصل کرنے کی کوشش میں، جیوتی کے اہل خانہ نے انل نامی ایک مقامی خیر خواہ سے رابطہ کیا، جس نے اپنے کرکٹ رابطوں کے ذریعے ان سے رابطہ کیا۔ یہ اپیل بالآخر رشبھ پنت تک پہنچی، جنہوں نے فوری طور پر کالج کو 40 ہزار روپے ٹرانسفر کر دیے، جس سے جیوتی کے داخلے کی راہ ہموار ہوگئی۔پنت کو لکھے گئے شکریہ کے خط میں، جیوتی نے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ طالبہ نے لکھا ’’میں بی سی اےکرنا چاہتی تھی، لیکن مالی مجبوریوں کی وجہ سے، میرے والدین نے ہمارے گاؤں کے انل سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ کیا کوئی اسکالرشپ یا مالی مدد دستیاب ہے؟ انل نے پھر اپنے دوست اکشے سے رابطہ کیا، جو بنگلورو میں رہتا ہے۔ اکشے نے ہندوستانی کرکٹر رشبھ پنت کو میری صورتحال سے واقف کرایا۔‘‘’’رشبھ پنت نے 40 ہزار روپے ٹرانسفر کیے تاکہ میں بی سی اےکر سکوں۔ میں رشبھ پنت کی کافی شکر گزار ہوں اور ایشور سے پرارتھنا کرتی ہوں کہ وہ انہیں اچھی صحت عطا کرے۔ میں انل انا اور اکشے نائک سر کی بھی مشکور ہوں۔ میں ان کی مدد کبھی نہیں بھولوں گی۔‘‘کالج انتظامیہ نے پنت کو ان کی بروقت مددکے لیے ایک تعریفی خط ارسال کیا۔27 سالہ پنت کو حال ہی میں ہندوستانی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔