بھوپال۔ 20؍اگست: (پریس ریلیز)آج پورے ملک میں رکشابندھن کا تہوار منایا گیا۔ اِس موقع پر سرودھرم سدبھاؤنا منچ کے ذریعہ بھی سبھی مذاہب کے درمیان آپسی بھائی چارے کے پیغام کو آگے بڑھاتے ہوئے سرودھرم رکشابندھن ملن پروگرام کا انعقاد بھوپال کے گاندھی بھون میں رکھا گیا، جس میں سبھی مذاہب کے مذہبی دھرم گروؤں کے ساتھ ساتھ سبھی مذاہب کے شہری جس میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل ہوئیں۔ پروگرام میں بہنوں نے اپنے بھائیوں کو راکھی باندھی اور اُن سے اپنے تحفظ کا وعدہ لیا۔ پروگرام کی خصوصیت یہ رہی کہ سبھی مذاہب کی بہنوں نے الگ الگ مذاہب کے اپنے بھائیوں کو راکھی باندھی، جس میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سبھی مذہب کے لوگ شامل تھے۔
پروگرام میں سب سے پہلے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے سرودھرم سدبھاؤنا منچ کے عہدیدار پنڈت مہیندر پرساد شرما جی نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کا مقصد سبھی مذاہب میں آپسی بھائی چارے اور محبت کو بڑھاوا دینا ہے اور ایک دوسرے کے تہوار اور اُس کی اہمیت کو سبھی کو سمجھانا بھی ہے اِس لیے سرودھرم سدبھاؤنا منچ سبھی مذاہب کے تہواروں کو مل جل کر مناتا ہے تاکہ لوگوں میں آپسی اتحاد مضبوط ہو۔
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر اور سرودھرم سدبھاؤنا منچ کے عہدیدار حاجی محمد ہارون نے کہا کہ ایسے پروگراموں کا مقصد یہ ہے ملک کے شہریوں کے درمیان آپس میں بھائی چارہ اور امن بڑھے اور کسی بھی ملک کی ترقی ملک میں امن کے ساتھ ہی ہوسکتی ہے لیکن آجکل کچھ لوگ بدقسمتی سے پورے ملک کا ماحول خراب کررہے ہیں، ایسے لوگ ملک کے امن وچین کے لیے خطرہ ہیں، ایسے لوگوں سے ہمیں ہوشیار رہنا چاہئے اور ہر حالت میں ملک کا بھائی چارہ اور امن کو بگڑنے نہیں دینا چاہئے۔
آج کے پروگرام کو خطاب کرنے والوں میں جناب لجاشکر ہردینیا جی، راجیندر کوٹھاری جی، آرچ بشپ دورئی راج جی، فادر آنند مٹنگل جی، گیانی دلیپ سنگھ جی، سابق وزیر پی سی شرما جی، دیپ چند یادوجی، شیخ مرتضیٰ علی جی، محمد کلیم ایڈوکیٹ، حاجی محمد عمران ہارون، مجاہد محمدخاں شامل تھے۔