جے پور29جنوری: راجستھان میں پنچایتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی پارہ چڑھنے لگا ہے۔ اس دوران ریاست کی راجدھانی جے پورمیں منعقدہ کانگریس کی پنچایتی راج امپاورمنٹ کانفرنس میں ریاستی کانگریس کے صدرگووند سنگھ ڈوٹاسرا نے راجستھان حکومت پر سخت حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی اجلاس کے دوران پنچایتی راج انتخابات کا اعلان نہیں کیا گیا تو وہ اور اپوزیشن لیڈر ٹیکارام جولی بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے۔ دریں اثنا ڈوٹاسرا نے پنچایتی راج کی حد بندی کو لے کر بی جے پی لیڈر راجیندرراٹھوڑ پر بھی طنز کسا۔ ریاست کی بی جے پی حکومت سے جلد پنچایتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈوٹاسرا نے الزام لگایا کہ مواضعات کو ترقی کے لیے فنڈز نہیں مل رہے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان تنازعہ میں شدت آسکتی ہے۔ ڈوٹاسرا اور راٹھوڑ کے درمیان اس سے پہلے بھی لفظی تیز چلتے رہے ہیں۔ گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے اب ایک بار پھر راٹھور کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتی راج کے وزیر حد بندی کمیٹی کے چیئرمین ہیں لیکن انہیں بھی پنچایت کی حد بندی کروانے کے لیے وزیر اعلیٰ سے ہاتھ جوڑنے پڑے۔ راجندر راٹھوڑ اور ارون چترویدی کے علاوہ گھنشیام تیواری بھی حد بندی کمیٹی میں شامل ہیں۔ ڈوٹاسرا نے کہا کہ میں اس پلیٹ فارم سے تیواری جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے پہلی ہی میٹنگ میں کہہ دیا کہ آپ ایک الیکشن ہار چکے ہیں، اس لیے ذات پات کی بنیاد پر حد بندی نہ کریں۔ جس پر ڈوٹاسرا نے چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ راٹھوڑ نے جواب دیا کہ میں تو ہارا ہوا ہوں، اب باقی کو بھی اپنی طرح کرنے میں مصروف ہوں۔ پنچایتی راج انتخابات کے تعلق سے ڈوٹاسرا نے کہا کہ حکومت کو جلد ہی انتخابات کرانے پڑیں گے، پنچایتوں میں کام کاج مکمل طور پر ٹھپ ہو چکا ہے، حکومت ناکام ہو چکی ہے اور گاؤں کی ترقی کے لیے پیسہ نہیں مل رہا ہے۔ حکومت عوامی نمائندوں کی کوئی بات نہیں سن رہی ہے۔









