ممبئی 19ستمبر: مہاراشٹر کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے کہا ہے کہ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اربن نکسل کی زبان بول رہے ہیں۔ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب راہل گاندھی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ’’جنریشن زیڈ (Gen-Z)‘‘ کا ذکر کیا۔ بی جے پی لیڈروں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن لیڈر مُلک میں خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ وہ ملک کے نوجوانوں، طلبہ اور جنریشن زیڈ ، کے ساتھ کھڑے ہیں، جو آئین اور جمہوریت کو بچائیں گے اور ووٹ چوری کو روکیں گے۔ تاہم، بی جے پی نے ان کے اس بیان کو نیپال سے جوڑ دیا، جہاں Gen-Z مظاہروں نے کے پی شرما اولی، کی حکومت کو گرا دیا تھا۔








