نئی دہلی یکم مئی:کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کرناٹک میں جے ڈی ایس کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا اور قیصر گنج کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے جنسی جرائم کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ایم مودی کی مجرموں کو خاموش حمایت حاصل ہے جس کی وجہ سے مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ کانگریس لیڈر نے سوال کیا ہے کہ کیا پی ایم مودی کے سیاسی خاندان (پریوار) کا حصہ ہونا مجرموں کی حفاظت کی گارنٹی ہے؟ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے۔ اس میں انہوں نے لکھا ہے کہ پی ایم نے خواتین کے خلاف جرائم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پوسٹ میں راہل گاندھی نے مزید لکھا ہے کہ نریندر مودی نے ہمیشہ کی طرح کرناٹک میں خواتین کے خلاف ہونے والے بہیمانہ جرم پر شرمناک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ وزیر اعظم کو جواب دینا پڑے گا کہ سب کچھ جاننے کے باوجود انہوں نے صرف ووٹوں کے لیے سینکڑوں بیٹیوں کا استحصال کرنے والے حیوان کی تشہیر کیوں کی؟ آخر اتنا بڑا مجرم بڑی آسانی کے ساتھ ملک سے فرار کیسے ہوگیا؟ راہل گاندھی نے مزید کہا ہے قیصر گنج سے کرناٹک اور اناؤ سے اتراکھنڈ تک بیٹیوں کے مجرموں کے لیے وزیر اعظم کی خاموش حمایت ملک بھر میں مجرموں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ مودی کے ’سیاسی خاندان‘ کا حصہ بننا مجرموں کے لیے سیکیورٹی‘ کی گارنٹی ہے۔ اپنی اس پوسٹ میں انہوں نے اتراکھنڈ میں ہوئی انکیتا بھنڈاری کے قتل کا بھی ذکر کیا ہے جس میں بی جے پی لیڈر کے بیٹے کا نام سامنے آیا تھا۔ اسی طرح انہوں نے اناؤ عصمت دری معاملے میں بی جے پی کے سابق ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کے حوالے سے بھی پی ایم مودی پر حملہ کیا ہے۔