ممبئی، 14 مارچ (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ میں بہترین خدمات انجام دینے والے روجر بنی، راہل دراوڑ اور میتھالی راج کو اتوار کے روز ‘نمن ایوارڈز’ کے تحت ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ ترین اعزاز ‘کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے آج ‘نمن ایوارڈز کا اعلان کیا جس کے تحت بین الاقوامی اور مقامی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی عزت افزائی کی جائے گی۔
روجر بنی نے 27 ٹیسٹ اور 72 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ وہ 1983 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے اور اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز تھے، جو ہندوستانی کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوا تھا۔ وہ 1985 میں ‘ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ’ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ بعد ازاں انہوں نے ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کے کوچ کے طور پر کام کیا جس نے سال 2000 میں ورلڈ کپ جیتا تھا اور وہ قومی مرد ٹیم کے سلیکٹر اور بی سی سی آئی کے صدر بھی رہے۔ راہل دراوڑ نے اپنے شاندار کیریئر میں مجموعی طور پر 509 بین الاقوامی میچ کھیلے جس میں انہوں نے 24 ہزار سے زائد رنز بنائے اور 400 سے زائد کیچ پکڑے۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان نے سال 2007 میں انگلینڈ میں تاریخی ٹیسٹ سیریز جیتی اور ان کی کوچنگ میں قومی مرد ٹیم نے سال 2024 میں ٹی-20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ میتھالی راج نے ہندوستان کے لیے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 333 میچ کھیلے اور وہ دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر بنیں جنہوں نے 10 ہزار سے زائد رنز بنائے۔ ان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم دو بار ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچی۔اس تقریب کے دوران ہندوستان کے ٹیسٹ اور ایک روزہ کپتان شبمن گل کو ‘کرکٹر آف دی ایئر’ (پولی امریگر ایوارڈ) سے نوازا جائے گا، جبکہ خواتین کے زمرے میں اسمرتی مندھانا کو ان کے کیریئر میں پانچویں بار بہترین خاتون کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز ملے گا۔ دیگر فاتحین میں 2024-25 کے لیے بہترین انٹرنیشنل ڈیبیو کا اعزاز ہرشیت رانا (مرد) اور این سری چرنی کو دیا جائے گا۔









