نئی دہلی 23دسمبر:بنگلہ دیش میں اقلیتوں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں احتجاج کیا گیا ۔ دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کا گھیراؤ کیا گیا۔ احتجاج کے پیش نظربنگلہ دیش ہائی کمیشن کے آس پاس سخت سکیورٹی بندوبست کیا گیا۔ ہاتھوں میں بینر اور پوسٹراٹھائے احتجاجیوں نے بنگلہ دیش ہائی کمیشن کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔انھیں آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کیں ۔احتجاجیوں نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کے خلاف نعرے بلند کیے۔ احتجاجیوں نے یونس کا علامتی پتلہ بھی پھونکا اور بنگلہ دیش میں اقلیتوں پرہورہی زیادتی پر برہمی کا اظہار کیا۔جموں اور بھوپال میں بھی بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر مظالم کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا۔ اس بیچ ، آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے، جس میں بنگلہ دیش میں زیر تعلیم ہندوستانی میڈیکل طلباء کی حفاظت کے بارے میں فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی صورتحال سیمابی اور غیر مستحکم ہے۔ طلباء خوف اور عدم تحفظ کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اے آئی ایم ایس اے نے حکومت سے سفارتی اقدامات، سفارت خانوں کی فعال شمولیت اور طلباء اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ شفاف رابطے کی اپیل کی ہے۔









