پٹنہ 8نومبر: انتخابی مہم کے دوران سیاسی بیانات کی تلخی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے بہار کے ضلع کٹیہار میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک طرف وزیراعظم ’وندے ماترم‘ جیسے قومی ترانے کی تعریف کرتے ہیں جو عدم تشدد کی علامت ہے، اور دوسری طرف وہ عوامی جلسوں میں ’کٹہ‘ (دیسی پستول) کی بات کرتے ہیں۔ کیا یہ وزیراعظم کے عہدے کے شایانِ شان ہے؟‘‘ پرینکا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ این ڈی اے حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا اور سرکاری ادارے چند سرمایہ دار دوستوں کے حوالے کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس طرح مہاتما گاندھی نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی تھی، اسی طرح آج کانگریس جمہوریت اور آئین کے تحفظ کی لڑائی لڑ رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی سمجھتی ہے کہ دس ہزار روپے دے کر عورتوں کے ووٹ خرید لے گی۔ لیکن ہندوستان کی عورتیں اپنی عزت اور رائے دہی کی طاقت کو بخوبی سمجھتی ہیں۔‘