نئی دہلی15اپریل: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے منگل کے روز 2023 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے افسران سے خطاب کیاجو اس وقت مختلف مرکزی وزارتوں اور محکموں میں اسسٹنٹ سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ ملاقات راشٹرپتی بھون کے کلچرل سینٹر میں منعقد ہوئی۔ اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے ان نوجوان افسروں کی کامیابی کو ان کی غیر معمولی محنت، عزم اور لگن کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس بننے کے بعد ان کے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بڑی تبدیلی آتی ہے اور اب ان کے پاس بے شمار لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا نادر موقع موجود ہے۔ صدر مرمو نے افسروں کو تلقین کی کہ وہ محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی کوشش کریں۔
انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ افسران کو اپنی خدمات کے کچھ برس بعد ان علاقوں میں دوبارہ جانا چاہیے جہاں انہوں نے ابتدائی پوسٹنگ کے دوران کام کیا تھا، تاکہ وہ اپنے کام کے اثرات کو دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک عوامی خدمت گزار کے لیے ایمانداری سب سے اہم اصول ہے۔ افسران کو چاہیے کہ وہ ہر سطح پر نیک نیتی، دیانت اور حساسیت کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک افسر کے اختیارات کا استعمال اس کے فرائض کی انجام دہی کے لیے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کا اصل معیار سوشل میڈیا فالوورز نہیں بلکہ زمین پر کیا گیا اچھا کام ہوتا ہے۔ صدر جمہوریہ نے ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور اخلاقی قدروں کے زوال کو موجودہ دور کے اہم ترین چیلنجز میں شمار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز کا مقابلہ صرف ان ہی افراد سے ممکن ہے جو دیانتدار، مخلص اور سچائی کے پابند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سادگی اور اخلاقی اصولوں کے ساتھ جیتے ہیں، وہی اصل میں زیادہ خوش رہتے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور نے عوام کی توقعات میں اضافہ کیا ہے۔ لوگ اب زیادہ باشعور ہیں اور وہ سرکاری عملے سے جوابدہی چاہتے ہیں۔ اس لیے افسروں کو عوام سے نزدیکی بڑھانے اور ان کی شمولیت کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
آخر میں صدر مرمو نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی اور ریاستی سطح پر ترقیاتی اقدامات اور فلاحی منصوبے، ملک کے قومی مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔