بنگلورو 11اگست: کرناٹک میں ووٹر لسٹ کی شفافیت کے لیے ’خصوصی گہری نظرثانی‘ (ایس آئی آر) کا عمل جاری ہے۔ اس درمیان مشہور و معروف اداکار پرکاش راج نے سوشل میڈیا پلیٹ فام کے ذریعہ دعویٰ کیا ہے کہ کرناٹک میں ’ایس آئی آر‘ کے بعد جاری بنگلورو کی ووٹر لسٹ سے ان کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ جن ووٹرز کے ناموں کو ایس آئی آر کے تحت نشان زد کیا گیا ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی معلومات کی تصدیق کریں اور ووٹر لسٹ میں اپنے نام شامل کرنے کے لیے ضروری قدم اٹھائیں۔اداکار پرکاش راج نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے ’ایس آئی آر‘ کے عمل میں ہوئی لاپروائی کے بارے میں بتایا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’دوستوں میں آپ کے ساتھ ایک مذاق شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ میں ان 65 لاکھ ووٹرس میں سے ایک ہوں، جس کے ووٹنگ کا اختیار ’ایس آئی آر‘ کے بعد بنگلورو حلقۂ انتخاب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ اچھا مذاق ہے، کیوں ہے نا؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں اسی حلقۂ انتخاب میں پیدا ہوا تھا۔ میں اسی حلقۂ انتخاب میں مقیم رہا۔ میری اسکولنگ، کالج اور تھیٹر سب یہیں پر ہوئے ہیں، اور آپ کی اطلاع کے لیے بتا دوں کہ میں اسی حلقہ انتخاب سے لوک سبھا کے لیے امیدوار بھی رہا ہوں۔‘‘
پرکاش راج نے اپنی پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’خیر یہ مذاق اچھا ہے۔ گیم شروع ہو گیا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ اپنا ووٹر آئی ڈی کارڈ واپس پانے کے لیے مجھے کس عمل سے گزرنا ہوگا۔ لیکن ایک چھوٹی سی بات، میرے دوست، آپ اپنی طاقت کا استعمال کر کے کچھ ایسے شہریوں کو ووٹ دینے کے اختیار سے محروم کر سکتے ہیں جو شاید آپ کو منتخب نہ کریں۔ لیکن کیا آپ ہمیں، میرے پیارے دوست، آپ کو اقتدار سے ہٹانے کی ہماری طاقت کا استعمال کرنے سے روک سکتے ہیں؟ بس پوچھ رہا ہوں۔ الوداع۔‘‘