نئی دہلی 9اگست: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے سوالیہ پرچوں کے لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف دہلی پولیس کی بربریت پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پر لاٹھی چارج اور پیلٹ گن کے استعمال کے معاملے میں حکومت سے جواب دہی کا مطالبہ جاری رہے گا اور امت شاہ کو اس معاملے پر جواب دینا ہوگا۔ راہل گاندھی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ہفتے کے روز پریاگ راج میں منعقدہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طالب علم نے ان سے کہا کہ اس کے پاس اب کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ کانگریس رہنما نے کہا، ’’کل پریاگ راج میں ایک طالب علم نے مجھ سے یہی کہا۔ سالوں کی تیاری، گھر کی زمین بیچی، ماں باپ کا قرض، پھر بھی ہاتھ میں کچھ نہیں۔ یہ ہار اس کی نہیں ہے۔ یہ اس نظام کی ہار ہے جس نے اس کی محنت کی قیمت دینے سے انکار کر دیا۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ سوالیہ پرچوں کے لیک ہونے کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ کی تحریک کو ختم ہوئے کئی دن گزر چکے ہیں، لیکن دہلی پولیس کی کارروائی کے حوالے سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا، ’’امت شاہ جی، یہ مت سمجھئے کہ ہم جواب مانگنا بند کردیں گے۔ راجدھانی کی سڑکوں پر بچوں پر لاٹھیاں اور پیلٹ گن چلیں اور آپ نے ایک لفظ نہیں کہا۔ آج نہیں تو کل، اس جرم کا جواب آپ کو دینا ہی پڑے گا۔‘‘
راہل گاندھی نے طلبہ کو ملک کی روشنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوری طاقت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں کے مسائل اور ان کے مستقبل سے جڑے معاملات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔









