نئی دہلی 20دسمبر:مغربی بنگال کے نادیا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ میں شریک ہونے جا رہے بی جے پی کے کچھ حامی ٹرین کی زد میں آ گئے۔ اس حادثہ میں 4 بی جے پی حامیوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ ایک حامی کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ اس کی حالت بھی سنگین بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ ہفتہ کی صبح پیش آیا، جس کے بعد علاقہ میں افرا تفری پیدا ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی مہلوکین اور زخمی افراد مرشد آباد کے باشندہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے شکار سبھی بی جے پی حامی پی ایم مودی کی اس ریلی میں شامل ہونا چاہتے تھے جو کہ نادیہ کے طاہر پور میں پہلے سے مقرر تھی۔ وہ ریلی والی جگہ پر جا رہے تھے، تبھی راستے میں دردناک حادثہ پیش آ گیا۔ حادثہ طاہر پور اسٹیشن کے پاس ہوا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے پی ایم مودی ریلی سے خطاب کرنے پہنچ بھی نہیں پائے۔ ہفتہ کے روز شدید دھند کے سبب پی ایم مودی کا ہیلی کاپٹر طاہر پور میں لینڈ نہیں کر پایا اور پی ایم مودی نے فون سے جلسہ کو خطاب کیا۔ بذریعہ فون جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے تقریب میں موجود نہ ہونے کے لیے معافی مانگی۔ انھوں نے کہا کہ ’’سب سے پہلے میں آپ سے معافی طلب کرتا ہوں کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے میں آپ کے درمیان حاضر نہیں ہو سکا۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’کہرے کی وجہ سے وہاں ہیلی کاپٹر اترنے کی حالت نہیں تھی، اس لیے میں آپ کو ٹیلی فون کے ذریعہ سے خطاب کر رہا ہوں۔‘‘ پی ایم مودی نے طاہرپور اسٹیشن پر پیش آئے حادثہ کا ذکر بھی اپنے خطاب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے جانکاری ملی ہے کہ ریلی والی جگہ پر پہنچتے وقت خراب موسم کی وجہ سے بی جے پی کنبہ کے کچھ کارکنان ریل حادثہ کا شکار ہوئے ہیں۔ جن بی جے پی کارکنان کی افسوسناک موت ہوئی ہے، ان کے اہل خانہ کے تئیں میری ہمدردی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جو لوگ اس حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں، میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں۔ غم کے اس وقت میں ہم سبھی متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔‘‘









