چنڈی گڑھ، 25 دسمبر (یو این آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے سانسد کھیل مہوتسو کے آخری دن ہریانہ کے ضلع فتح آباد کے ڈانگرا گاؤں سے تعلق رکھنے والے نوجوان باکسر نیرج سے ورچوئل گفتگو کی۔ اختتامی تقریب سمائن گاؤں کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر اعظم نے نوجوان کھلاڑیوں سے براہِ راست بات چیت کی۔گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے نیرج کا پُرتپاک خیرمقدم کیا اور خوشگوار انداز میں ان کے حالات دریافت کیے۔ قومی سطح پر میڈل جیت چکے باکسر نیرج نے کھیل کو بطور فل ٹائم کیریئر اپنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اولمپکس میں ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتنے کے اپنے خواب کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے نیرج کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اولمپین نیرج چوپڑا کی مثال بھی پیش کی۔وزیر اعظم نے سوال کیا کہ کیا نیرج اپنی مہارت میں بہتری کے لیے بین الاقوامی باکسنگ مقابلے دیکھتے ہیں۔ اس پر نیرج نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے ہندوستان اور بیرونِ ملک کے سرِفہرست باکسرز کے مقابلہ دیکھتے ہیں اور ان سے تحریک حاصل کرتے ہیں۔